انسدادِ کرپشن کریک ڈاؤن، خاتون رکنِ پارلیمنٹ عالیہ نصیف گرفتار، 20 ارب دینار اور سونا برآمد

بغداد(بولونیوز) عراقی دارالحکومت بغداد کے ہائی سیکیورٹی زون گرین زون میں انسدادِ کرپشن مہم کے تحت کی گئی ایک بڑی اور غیر معمولی کارروائی کے دوران معروف عراقی خاتون سیاستدان اور رکنِ پارلیمنٹ عالیہ نصیف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عراقی میڈیا اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ان کی رہائش گاہ سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی کے علاوہ سونا بھی برآمد ہوا ہے۔

عرب میڈیا چینل العربیہ اور عراقی حکام کے مطابق چھاپے کے دوران عالیہ نصیف کے گھر سے 20 ارب سے زائد عراقی دینار (جو تقریباً 1 کروڑ 55 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں) اور قابلِ ذکر مقدار میں سونا برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں عالیہ نصیف کے بیٹے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو عراق کے سابق وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی کے دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کے دفتر میں بطور مینیجر (ڈائریکٹر) خدمات انجام دے چکے تھے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن عراق کے موجودہ وزیرِ اعظم علی الزیدی کی ہدایت پر انسدادِ دہشت گردی فورسز (CTS) نے کیا۔ اس وسیع پیمانے کی کارروائی کے دوران اب تک 47 سے زائد موجودہ اور سابق ارکانِ پارلیمنٹ، سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن پر سرکاری فنڈز میں خرد برد اور اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عراقی حکام کے مطابق یہ آپریشن ملک میں کرپشن کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی اور فیصلہ کن کارروائی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے مزید نتائج اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *