شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی، پیپلز پارٹی نے قائد عوام کو خراج عقیدت پیش کیا

کراچی(بولونیوز)پاکستان پیپلزپارٹی ضلع شرقی کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات و ممبر آر سی سی بلاول ہاؤس شہنیلہ خانزادہ نے 4 اپریل کو شہید جمہوریت قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ قائد عوام نے پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور عوامی ریاست بنانے کی بنیاد رکھی۔ ان کی جدوجہد آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

شہنیلہ خانزادہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر ملک کو متفقہ قومی دستاویز فراہم کی اور غریب و محنت کش طبقے کو آواز دی۔ ان کے نظریات آج بھی پاکستان کی سیاست میں مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چار اپریل کا دن یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کی خاطر قربانیاں دینے والے رہنما کبھی نہیں مرتے بلکہ قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ہم شہید بھٹو کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوامی خدمت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

شہنیلہ خانزادہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اپنے قائد کے فلسفے “روٹی، کپڑا اور مکان” پر قائم ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک بھر میں عوام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ شہید بھٹو کے افکار کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور شہید قائد عوام کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *