پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں، گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں خطرناک درجہ بندی

اسلام آباد(بولونیوز)Global Terrorism Index 2026 کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک بار پھر دنیا کا سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک بن گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اموات کی شرح میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ماضی کے خونی ادوار خصوصاً 2009 اور 2013 کی سنگین صورتحال کی یاد دلاتا ہے، جب خودکش دھماکوں، بم حملوں اور مسلح کارروائیوں نے ہزاروں جانیں لے لیں اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں Tehrik-i-Taliban Pakistan (ٹی ٹی پی) کی جانب سے دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز، چیک پوسٹس اور سرکاری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ قبائلی اضلاع اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حملوں نے امن و امان کی صورتحال کو دوبارہ شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

دوسری جانب Baloch Liberation Army (بی ایل اے) کی کارروائیاں بھی خاص طور پر بلوچستان میں شدت اختیار کر چکی ہیں۔ ان حملوں میں سیکیورٹی اہلکاروں، اہم تنصیبات اور بعض اوقات غیر مقامی افراد کو نشانہ بنایا گیا، جس سے نہ صرف سیکیورٹی چیلنجز میں اضافہ ہوا بلکہ خطے میں عدم استحکام مزید گہرا ہو گیا ہے۔

مجموعی طور پر حالیہ دہشت گردی کی لہر میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی نشانہ بن رہے ہیں۔ مختلف دھماکوں، فائرنگ اور گھات لگا کر کیے گئے حملوں میں درجنوں جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ پاکستان ایک بار پھر ایک سنگین سیکیورٹی بحران کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *