مصطفیٰ عامر قتل کیس، ارمغان کے گھر چھاپے میں زخمی ڈی ایس پی احسن ذوالفقار شہید
کراچی(بولونیوز) مصطفیٰ عامر قتل کیس سے جڑے ایک افسوسناک واقعے میں ارمغان کے گھر چھاپے کے دوران زخمی ہونے والے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کئی ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد شہید ہو گئے۔ اس بات کی تصدیق پولیس حکام نے کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کی ٹیم نے ملزم ارمغان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزم کی فائرنگ سے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی احسن ذوالفقار نے کئی ماہ تک بہادری سے زندگی کی جنگ لڑی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے درجے پر فائز ہو گئے۔ ان کی شہادت کو محکمہ پولیس کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس حلقوں میں غم اور افسوس کی فضا ہے، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے شہید افسر کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہید افسر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔


