سندھ میں غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل

کراچی(بولونیوز) وزیر تعلیم و ترقیِ معدنیات سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ مائنز اینڈ منرلز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری غیر قانونی مائننگ کی نشاندہی، اس کی روک تھام اور مؤثر اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز راجا شاہ زمان کھڑو، ڈی جی مائنز اینڈ منرلز مہیش لال دودانی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ محکمہ کی جانب سے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں کراچی کے ضلع ملیر، جامشورو، نگرپارکر اور ٹھٹہ میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ اور اس کی روک تھام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے ہدایت کی کہ غیر قانونی کان کنی کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے اور اس کے اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کی جائے، نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور معدنی وسائل کے تحفظ کے ساتھ قانونی طریقہ کار کے تحت کان کنی کو یقینی بنایا جائے۔

سید سردار علی شاہ نے واضح کیا کہ صوبے میں کسی کو بھی غیر قانونی کان کنی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس کے ساتھ مل کر غیر قانونی کان کنی روکنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی کان کنی کے باعث پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *