برطانیہ کا 4 ممالک پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
لندن(بولونیوز) برطانیہ نے امیگریشن پالیسی میں سختی کرتے ہوئے چار ممالک کے شہریوں پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے تحت افغانستان، کیمرون، میانمار اور سوڈان کے شہریوں کے لیے طلبہ ویزے بند کیے جائیں گے۔
برطانوی حکام کے مطابق یہ اقدام امیگریشن نظام کے مؤثر انتظام، سیکیورٹی خدشات اور ویزا شرائط کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے رجحان کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ اعلان کے مطابق افغانستان کے شہریوں کے لیے ورک ویزے بھی ختم کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا مقصد ویزا کے غلط استعمال کو روکنا اور امیگریشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ فیصلے پر عملدرآمد کے طریقۂ کار اور مدت سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
ان پابندیوں کے اعلان کے بعد متاثرہ ممالک کے طلبہ اور ملازمت کے خواہشمند افراد میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے فیصلے پر ردِعمل کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


