ایران کے ایٹم بم بنانے کے شواہد نہیں ملے، سربراہ آئی اے ای اے
ویانا/تہران(بولونیوز) عالمی جوہری توانائی ایجنسی (انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی) کے سربراہ رفال گروسی نے کہا ہے کہ تاحال ایران کے ایٹم بم بنانے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رفال گروسی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگرچہ جوہری ہتھیار بنانے کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم ایران کے پاس افزودہ یورینیم کے بڑے ذخیرے پر شدید تشویش برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افزودہ یورینیم کی موجودہ مقدار اور اس کی سطح عالمی برادری کے لیے باعثِ فکر ہے۔
سربراہ آئی اے ای اے نے مزید کہا کہ جب تک ایران ایجنسی کے ساتھ مکمل اور شفاف تعاون نہیں کرتا، اس کے جوہری پروگرام کے مکمل طور پر پرامن ہونے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ معائنہ کاروں کو تمام متعلقہ مقامات تک رسائی اور درکار معلومات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
رفال گروسی نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ خطے میں اعتماد بحال ہو اور جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی اصولوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔


