اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 6 پولیس مقابلے، 9 خطرناک ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز) کراچی کے ضلع سینٹرل میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کی روشنی میں مختلف تھانوں کی حدود میں 6 پولیس مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر 9 خطرناک ملزمان کو زخمی اور بلاضرب حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ نارتھ ناظم آباد، شریف آباد، سرسید، خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور شاہراہِ نور جہاں کی حدود میں الگ الگ مقابلے ہوئے، جن میں 8 ملزمان زخمی حالت میں جبکہ ایک ملزم کو بلاضرب گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق:
تھانہ نارتھ ناظم آباد کی حدود صائمہ برج ویو بلاک B میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم ملک عبدالرافع ولد سجاد ملک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ لوڈ میگزین، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس کا طویل کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔
تھانہ شریف آباد کے علاقے ریلوے پھاٹک کے قریب مقابلے میں ملزم دانیال ولد محمد شاہد زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے پستول بمعہ لوڈ میگزین اور موبائل فون برآمد ہوا۔ ملزم اس سے قبل بھی ڈکیتی اور اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار رہ چکا ہے۔
تھانہ سرسید کی حدود سیکٹر 11-C/2 کے قریب مقابلے میں ملزم سکندر ولد فرید گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول، دو راؤنڈز اور دو موبائل فون برآمد ہوئے۔
تھانہ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے اندرون روڈ سیکٹر 5/B-3 میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم محمد توصیف ولد محمد یوسف زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین برآمد کیا گیا۔
تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں صباء سینیما کے قریب مقابلے کے دوران دو ملزمان محمد عظیم عرف جانو اور ندیم عرف کاکروچ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول، راؤنڈز، ایک موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ دونوں ملزمان قتل، ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔
تھانہ شاہراہِ نور جہاں کی حدود ٹنکی گراؤنڈ بلاک T کے قریب پولیس مقابلے میں دو ملزمان عثمان عرف کالا اور حسن مگسی عرف لمبو زخمی ہوئے جبکہ اکبر علی ولد محمد نعیم کو بلاضرب گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول، راؤنڈز، ہنڈا موٹر سائیکل اور چار چھینے گئے موبائل فون برآمد ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی مزید جانچ جاری ہے۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسٹریٹ کرائم کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔


