فرانس میں کیوبا کے سفارتخانے کی وڈیو نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا
پیرس(بولونیوز) فرانس میں کیوبا کے سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک وڈیو نے دنیا بھر میں بحث چھیڑ دی ہے، جس میں عالمی برادری کی ’’منتخب ہمدردی‘‘ پر سخت سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیو کے پہلے حصے میں جاپان کے ایک چڑیا گھر میں موجود ننھے بندر ’’پنچ‘‘ کو دکھایا گیا ہے، جو ماں کی ممتا سے محرومی کے باعث ایک کھلونے کو سینے سے لگائے بیٹھا ہے۔ اس منظر پر دنیا بھر سے صارفین نے شدید رنج و الم اور ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔
تاہم وڈیو کے دوسرے حصے میں منظر یکسر بدل جاتا ہے۔ یہاں غزہ کی ایک معصوم بچی دکھائی دیتی ہے جو اسرائیل کی بمباری میں اپنے گھر اور اہلِ خانہ کو کھونے کے بعد ملبے پر کھڑی، اپنی گڑیا کو سینے سے لگائے خاموشی سے درد سہہ رہی ہے۔
کیوبن سفارتخانے نے پوسٹ میں لکھا کہ دنیا ایک بندر کے کھلونے سے لپٹنے پر رو پڑتی ہے، مگر غزہ میں ہزاروں یتیم بچوں کے دکھ کو نظرانداز کر دیتی ہے جن کے خاندان حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔ سفارتخانے نے اس طرزِ عمل کو ’’من پسند ہمدردی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تضاد انسانیت کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
یہ وڈیو عالمی سطح پر وسیع ردِعمل کا باعث بن رہی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد اسے دوہرے معیار کے خلاف ایک طاقتور پیغام قرار دے رہی ہے۔


