پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل کی وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس پر شدید تنقید

کراچی(بولونیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے وفاقی وزرا خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آئین اور آئینی اصولوں سے ناواقفیت کا واضح ثبوت ہے۔

محمد ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے نہ آئین کا سنجیدگی سے مطالعہ کیا ہے اور نہ ہی قانون کو سمجھنے کی کوشش کی۔ اگر انہیں آئینی تقاضوں اور جمہوری اقدار کا ادراک ہوتا تو وہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کی حیثیت سے ایسے بیانات نہ صرف نامناسب ہیں بلکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر فوری اور واضح مؤقف اختیار کیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دونوں وفاقی وزرا کے بیانات وفاقی حکومت کی سرکاری پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں؟ اگر ایسا نہیں تو پھر یہ وضاحت کی جائے کہ حکومتی وزرا اور ایک اتحادی جماعت مسلسل سندھ حکومت کے خلاف پروپیگنڈا اور سازشی سیاست میں کیوں مصروف ہیں۔

محمد ہمایوں خان نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس ایک آئینی ادارہ اور ریاستی وقار کی علامت ہے، جسے کسی صوبائی حکومت کے خلاف سیاسی محاذ آرائی کا مرکز نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ملک سنگین سیاسی اور معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان کشیدگی پیدا کرنا نہ دانشمندی ہے اور نہ ہی ذمہ دارانہ طرزِ عمل۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی توقع رکھتی ہے کہ وفاقی حکومت اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کے وزرا آئینی حدود میں رہتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *