سفر کے لیے اجازت نامہ لازمی: برطانیہ میں ای ٹی اے اسکیم نافذ، نئے قوانین کیا ہیں؟

لندن(بولونیوز)برطانیہ میں بدھ 25 فروری 2026سےسفر اور داخلے سے متعلق نئے قوانین نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت دوہری شہریت رکھنے والے افراد کے لیے بھی الیکٹرانک اجازت نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق اگر کسی شخص کے پاس برطانوی شہریت ہونے کے باوجود برطانوی پاسپورٹ موجود نہیں، تو اسے ملک میں داخلے سے روکا جا سکتا ہے۔ ایسے مسافروں کو برطانیہ میں داخلے کے لیے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (ETA) حاصل کرنا ہوگی۔

حکام کے مطابق امریکا، کینیڈا اور فرانس سمیت 85 ممالک کے وہ شہری جنہیں پہلے ویزا درکار نہیں تھا، اب 25 فروری 2026 سے ETA کے بغیر قانونی طور پر برطانیہ کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

نئے قوانین کے تحت برطانیہ آنے والے ایسے زائرین جن کے پاس برطانوی پاسپورٹ نہیں ہوگا، انہیں ملک میں داخلے کے لیے درج ذیل میں سے کوئی ایک دستاویز درکار ہوگی:

ویزا

الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (ETA)

سرٹیفکیٹ آف اینٹائٹلمنٹ (حقِ استحقاق کی دستاویز)

حکومت نے خبردار کیا ہے کہ مطلوبہ دستاویزات کے بغیر مسافروں کو فلائٹ، فیری یا ٹرین پر سوار ہونے سے بھی روکا جا سکتا ہے۔ اسی لیے تمام ممکنہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی مکمل اور درست دستاویزات تیار رکھیں۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امیگریشن سسٹم کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد مستقبل میں برطانوی سرحدوں پر کنٹیکٹ لیس اور جدید آمد و رفت کو ممکن بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *