طارق رحمان کے اقتدار میں آتے ہی بنگلادیش کی فوج میں اعلیٰ سطح پر بڑی تقرریاں

ڈھاکا(بولونیوز) بنگلادیش میں وزیراعظم طارق رحمان کے وزارتِ عظمیٰ کا چارج سنبھالتے ہی فوج میں اعلیٰ سطح پر بڑی تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔

آرمی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں تعینات دفاعی مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد حفیظ الرحمان کو ترقی دے کر میجر جنرل بنا دیا گیا ہے۔ انہیں 55 انفنٹری ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ تعینات کرتے ہوئے فوری طور پر وطن واپس بلا لیا گیا ہے۔

اسی مراسلے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمان کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل آف فورسز انٹیلی جنس تعینات کیا گیا ہے۔

فوجی و سفارتی سطح پر دیگر اہم تقرریوں میں میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارتِ خارجہ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل میر مشفیق الرحمان کو آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل پرنسپل اسٹاف آفیسر کے فرائض انجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات بھی وزارتِ خارجہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی تھی، جبکہ جماعت اسلامی بنگلادیش نے 77 نشستیں جیتیں۔ انتخابات کے بعد طارق رحمان وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ امیر جماعت اسلامی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *