لیاری: حلقہ PS-106 میں راشن تقسیم مہم کا باقاعدہ آغاز
کراچی(بولونیوز)لیاری میں حلقہ PS-106 سے رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف** کے رہنما سجاد علی سومرو کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر راشن تقسیم مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہر سال کی طرح اس رمضان المبارک میں بھی مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے مستحق اور نادار خاندانوں تک راشن پہنچایا جا رہا ہے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں لیاری کی متعدد برادریوں میں راشن کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے، جبکہ یہ سلسلہ رمضان 2026 کے دوران مسلسل جاری رہے گا۔
اس موقع پر سجاد علی سومرو کا کہنا تھا کہ یہ فلاحی اقدام عمران خان کے اس وژن کی عملی تصویر ہے جس میں ریاستِ مدینہ کے تصور کے تحت کمزور اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی سیاست کا اصل مقصد ہے اور وہ اپنے حلقے کے عوام کے درمیان رہتے ہوئے یہ سفر جاری رکھیں گے۔
آخر میں رکن سندھ اسمبلی نے اس فلاحی مہم میں تعاون کرنے والے دوستوں، کارکنان اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد اور ساتھ ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لیاری کے عوام کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔


