گندے اور خراب انڈوں سے بیکری آئٹمز تیار کرنے کا منصوبہ ناکام، 19 ہزار انڈے تلف

عارفوالا(بولونیوز) فوڈ اتھارٹی نے عارفوالا میں گندے اور خراب انڈوں سے بیکری آئٹمز تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عمیر ستار کی سربراہی میں چک ماچھی سنگھ، عارفوالا میں انڈوں کے ایک سٹور پر چھاپہ مارا گیا۔

کارروائی کے دوران 19 ہزار سے زائد خراب اور ایکسپائری انڈے برآمد کر لیے گئے، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر انڈوں کے ڈیلر کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ ٹوٹے اور خراب انڈوں کو فریش سٹاک کے ساتھ ایک ہی جگہ پر ذخیرہ کیا گیا تھا۔ یہ غیر معیاری انڈے فریش سٹاک میں مکس کر کے مختلف بیکریوں کو سپلائی کیے جانے تھے، جو عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے تھے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ایکسپائری اور خراب انڈوں کا سٹاک کرنا فوڈ سیفٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو محفوظ اور صحت بخش غذا کی یقینی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *