مریم نواز کا ’سیف بسنت‘ کا تصور لاہور کے بعد دیگر شہروں میں اپنانے کا اعلان
لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور کے عوام نے محفوظ بسنت منانے کے لیے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اعتماد کی لاج رکھی، جس پر انہیں خوشی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لاہور آج بہت خوش ہے اور الحمد للہ عوام نے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کا تصور پوری طرح اپنایا گیا، کھابے کھائے گئے، پتنگ بازی جاری رہی اور ہوا کے جوش میں پتنگوں کی آنکھ مچولی ہوتی رہی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقررہ سائز اور مقررہ پنے کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاعات نہیں ملیں، چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی، اور دھاتی تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ چھتوں پر پیشگی حفاظتی اقدامات موثر ثابت ہوئے اور ’سیف بسنت‘ کا تصور لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لبرٹی اور اندرون شہر سمیت ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال متعین کیے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام پر زور دیا کہ بسنت کے آخری دن بھی احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور محفوظ رہتے ہوئے جشن منائیں۔


