ایف آئی اے امیگریشن کی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی، 3 مسافر حراست میں

کراچی(بولونیوز)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مشکوک سفری منصوبے پر تین مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافر زیمبیا سے ایتھوپیا کے راستے پاکستان پہنچنے والے تھے۔ گرفتار مسافروں میں مزمل علی، محمد ارسلان اور محمد اویس شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مسافر غیر قانونی طور پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافر مزمل علی نے گجرات کے ایجنٹ نوید سے 18 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی سفری انتظامات کروائے، جبکہ محمد ارسلان اور محمد اویس نے ایجنٹ ندیم کو فی کس 3 ہزار امریکی ڈالر ادا کیے۔

تفتیشی حکام کے مطابق مسافروں نے ڈیڑھ ماہ تک تنزانیہ میں قیام کے بعد غیر قانونی طور پر زیمبیا میں داخلہ لیا، جہاں انہیں غیر قانونی سفر کے باعث زیمبیا حکام نے گرفتار کر کے واپس ڈی پورٹ کر دیا۔

ایف آئی اے امیگریشن نے تینوں مسافروں کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے، جبکہ ملوث ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *