کراچی میں بسنت میلہ سجانے کا اعلان، شہر میں موسمِ بہار خوش آمدید کہا جائے گا
کراچی(بولونیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں موسمِ بہار کے استقبال کے لیے باغ ابنِ قاسم اور بے نظیر بھٹو پارک میں بسنت فیسٹیول کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں پتنگ بازی سے متعلق میلہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ سازشوں سے گریز کریں اور عوام کو خوشیاں دینے پر توجہ دیں۔
شہر کی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی رواں سال کراچی پر 80 ارب روپے خرچ کرے گی، جبکہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کے تعاون سے شہر کے لیے 300 ارب روپے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
میئر کراچی نے وفاقی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں اور واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہی اس شہر کا مستقبل ہے۔


