خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الخوارج کے 24 دہشت گرد ہلاک
پشاور(بولونیوز)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو ضلع اورکزئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے علاقے میں دہشت گردی کے خطرات کم ہوئے ہیں اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔


