وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات
اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے آغاز میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون گفتگو ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاق اور صوبے کے مابین مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم بھی شریک تھے۔ اجلاس میں صوبے کو درپیش مسائل، عوامی فلاحی منصوبوں اور دہشتگردی کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بھی زیرِ بحث آئے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو امن و امان کی بہتری کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے اور صوبائی اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ امن کے قیام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے اور وفاق اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کے لیے کوشاں رہی ہے اور باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل سے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی حاصل کی جا سکتی ہے۔


