حافظ نعیم سیٹ چھوڑ دیں،14 فروری کو شارع فیصل پر ٹریفک روکنے پر سخت اقدامات ہوں گے
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان سیٹ بھی نہیں چھوڑتے، سیٹ چھوڑیں تاکہ کوئی اور آجائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 14 فروری کو شارع فیصل پر ٹریفک بند کرنے یا شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسی کسی بھی کوشش پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سنا ہے 14 فروری کو حافظ نعیم الرحمان دھرنا دینے جا رہے ہیں، ملک میں الیکشن ہوتے ہیں، انہیں چاہیے کہ انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں قابض ٹولہ کہا جا رہا ہے، وہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے 26 افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کے چیکس بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور شہریوں کو یرغمال بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔


