سندھ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

کراچی(بولونیوز)سندھ بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چنیسر گوٹھ میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم 2 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گی، جس میں تقریباً 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے صوبے بھر میں 21 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ مہم کو محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ واحد ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے، جبکہ ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، جو تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف ہمیں جہاد کرنا ہے اور اجتماعی کوششوں سے اس موذی مرض کو شکست دینی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے علما کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پولیو ویکسی نیشن کو عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بھی سرٹیفائی کیا جا چکا ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *