جنوری 2026: کراچی میں ٹریفک حادثات، 80 افراد جاں بحق، 873 زخمی

کراچی(بولونیوز)نئے سال 2026 کے پہلے مہینے جنوری کے دوران کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور بچیوں سمیت مجموعی طور پر 80 افراد جاں بحق جبکہ 873 افراد زخمی ہو گئے۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چوہدری شاہد کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 59 مرد، 9 خواتین، 11 بچے اور ایک بچی شامل ہیں۔ اسی طرح زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 873 ہے، جن میں 695 مرد، 125 خواتین، 39 بچے اور 14 بچیاں شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق شہر قائد میں جنوری کے دوران ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 21 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں سب سے زیادہ 10 افراد ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے، جبکہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5، بس کی ٹکر سے 4 اور ڈمپر و مزدا کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

دریں اثنا نارتھ کراچی میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی کے مطابق متوفی کی شناخت 17 سالہ احسن بلال کے نام سے ہوئی، جو اپنے دوست زوہیب کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

ادھر اورنگی ٹاؤن بنارس چوک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 35 سالہ حسن جاں بحق ہو گیا، جو راہگیر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات شہریوں اور متعلقہ اداروں کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بن چکے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *