ایف آئی اے کا بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام میں غیرقانونی کٹوتیوں کےخلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار
اسلام آباد(بولونیوز)ایف آئی اے ملتان زون نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کو بہاولپور، راجن پور اور وہاڑی سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں سے فی کس ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک غیر قانونی کمیشن وصول کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے متعدد قومی شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستحقین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


