گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی امتحانی فیس میں اضافہ، طلبہ میں شدید ناراضگی
فیصل آباد(بولونیوز)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے امتحانی فیس میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد طلبہ میں شدید غصہ اور ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے فیس دو ہزار روپے سے بڑھا کر چھ ہزار روپے سے زائد کر دی ہے، جسے طلبہ نے اپنے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی تعلیم کا حصول مشکل ہے اور اس فیصلے سے ان پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ طلبہ نے نشاندہی کی کہ فیس میں اضافے کے باوجود یونیورسٹی کی جانب سے کوئی نئی سہولت یا تعلیمی معیار میں بہتری فراہم نہیں کی جا رہی، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ تعلیمی ادارے منافع بخش کاروباری ماڈل بن چکے ہیں۔
طلبہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ طلبہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیسوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔


