کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست

کراچی(بولونیوز)ایک شہری نے کے الیکٹرک کی جانب سے بل جمع کرنے والے صارفین کی بجلی غیر قانونی طور پر منقطع کرنے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ میں سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کی فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی۔

درخواست کے مطابق درخواست گزار اورنگی ٹاؤن نمبر 8، داتا نگر کے رہائشی اور کے الیکٹرک کے اسٹار کسٹمر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بل ادا کرنے کے باوجود 13 جنوری کو علاقے کی بجلی بغیر کسی پیشگی نوٹس کے منقطع کر دی گئی، جبکہ کے الیکٹرک نے ہائی لائن لاسز کا جواز پیش کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین کے خلاف یہ اقدام امتیازی سلوک ہے۔

درخواست میں مزید بتایا گیا کہ طویل بجلی بندش سے علاقے کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی اور متعدد شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔ نومبر 2025 میں بھی اسی طرح علاقے کی بجلی منقطع کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ نیپرا ایکٹ کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر بلا امتیاز بجلی کی فراہمی لازم ہے اور چند صارفین کی جانب سے عدم ادائیگی کو بنیاد بنا کر پورے علاقے کی بجلی بند کرنے کا اختیار کسی قانون میں نہیں دیا گیا۔ کنزیومر سروس مینوئل 2021 کے تحت بجلی منقطع کرنے کا اختیار صرف نادہندگان کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک، بیپرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کے الیکٹرک کے پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے، علاقے کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے اور نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *