اسرائیلی فضائی بمباری میں حماس کمانڈر سمیت 10 فلسطینی شہید، شدید کشیدگی

غزہ(بولونیوز)غزہ میں ایک بار پھر اسرائیلی فوج نے شدید بمباری کر کے سفاکیت کی انتہا کر دی۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے دیرالبلح پر خوفناک فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں حماس کے ایک کمانڈر سمیت کم از کم دس فلسطینی شہید ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق شہداء میں القدس بریگیڈز کے کمانڈر اشرف الخطیب بھی شامل ہیں، جن کی شہادت کو فلسطینی مزاحمتی حلقوں میں ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ بمباری کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

حماس نے اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہی ہیں، جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے لیے بورڈ آف پیس تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے اراکین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق مصر، ترکیہ اور قطر کی حمایت سے حماس کے ساتھ ایک جامع غیر عسکری معاہدہ طے پائے گا، جس کے تحت ہتھیار واپس لیے جائیں گے اور غزہ میں موجود تمام سرنگیں تباہ کی جائیں گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مجوزہ معاہدے کا مقصد خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا اور مستقل کشیدگی کا خاتمہ کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *