امریکا نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کر دیا
واشنگٹن(بولونیوز)امریکا نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد تارکین وطن امریکی عوام کے ٹیکسز کی رقم سے استفادہ کرتے رہے ہیں، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق جن ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کیا گیا ہے ان میں پاکستان، افغانستان، ایران، روس، صومالیہ، عراق، اردن، برازیل، نائیجریا، تھائی لینڈ، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ، ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ معطلی 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی، جبکہ امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک محکمہ خارجہ ویزا پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ مکمل نہیں کر لیتا، موجودہ قوانین کے تحت امیگرنٹ ویزے جاری نہ کیے جائیں۔ اس عمل کے لیے کسی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکا اس بات کو یقینی نہ بنا لے کہ نئے تارکین وطن امریکی وسائل اور عوامی دولت سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق ان ممالک سے آنے والے کئی تارکین وطن امریکا پہنچتے ہی ریاست پر بوجھ بن جاتے ہیں، جس کے پیشِ نظر امیگریشن پالیسی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔


