پاکستان ہندو کونسل کی اجتماعی شادیوں کی تقریب، 75 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے
کراچی(بولونیوز) پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 75 جوڑے ہندو مذہبی رسومات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ تقریب میں پنڈت کی موجودگی میں سات پھیروں اور دیگر ہندو رسومات ادا کی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تقریب کونسل کے سرپرست اور سیاسی رہنما ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی نگرانی میں ہوئی۔ پاکستان ہندو کونسل گزشتہ 18 برسوں سے اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر رہی ہے اور یہ 19ویں سالانہ تقریب تھی جس میں 75 جوڑے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
تقریب میں کراچی کے علاوہ سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے دولہا اور دلہن بھی شریک تھے۔ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے یہ اجتماعی شادیوں کی تقریب ہر سال جنوری میں منعقد کی جاتی ہے تاکہ معاشرتی اور مالی مسائل کے شکار جوڑوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔


