گلشن اقبال میں فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی
کراچی(بولونیوز)گلشن اقبال بلاک 2 میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں فلیٹ میں آگ بھڑک اٹھی اور خاتون و بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث ہوا، جس کے فوراً بعد آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ عمارت کو حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔


