بی ایل اے کی خاتون خودکش بمبار گرفتار، بی وائے سی سے تعلقات کے انکشافات سامنے آ گئے
بلوچستان(بولونیوز)سیکیورٹی اداروں نے دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کی ایک 19 سالہ خاتون لائبہ خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمہ ضلع خضدار کی تحصیل زہری سے تعلق رکھتی ہے اور اس نے تفتیش کے دوران ایسے انکشافات کیے ہیں جن سے سیکیورٹی ادارے بھی حیران ہیں۔
ملزمہ نے بتایا کہ اسے خودکش حملے کے لیے طالبان کمانڈر ابراہیم عرف قاضی نے تیار کیا اور اس کی ذہن سازی کی گئی تھی۔ اسے نہ صرف دھماکے کا ہدف دیا گیا بلکہ مزید لڑکیوں کو ورغلا کر خودکش حملوں کے لیے تیار کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمہ جولائی 2025 میں کالعدم بی ایل اے میں شامل ہوئی اور مسلسل بی ایل اے کمانڈر سلیم جان عرف دل جان کے رابطے میں تھی۔ اس کے علاوہ وہ سابق ٹی ٹی پی کمانڈر ابراہیم کے لیے سہولت کاری بھی کر رہی تھی۔
سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ ملزمہ بی وائے سی کی رہنما ڈاکٹر صبیحہ بلوچ سے مزید تربیت حاصل کرنے کے لیے رابطے میں تھی۔ اس گرفتاری نے کالعدم بی ایل اے اور بی وائے سی کے درمیان مبینہ عملی روابط کو بے نقاب کر دیا ہے اور ‘لاپتا افراد’ کے حوالے سے سابق بیانیے پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


