وزیراعظم شہباز شریف کی ایران میں موجود پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ہنگامی ہدایات

اسلام آباد(بولونیوز)شہبازشریف نے ایران میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر وہاں موجود پاکستانی شہریوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں، خصوصاً وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ اور دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانیوں کی فوری مدد یقینی بنائی جائے اور انہیں آذربائیجان کے راستے محفوظ انداز میں پاکستان واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک موجود پاکستانیوں کی جان و مال کا تحفظ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سفارتی مشنز کو ہدایت کی کہ ایرانی حکام اور آذربائیجان کی متعلقہ اتھارٹیز سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ سفری سہولیات، ٹرانزٹ، قیام اور دیگر انتظامات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو سفارت خانے اور قونصل خانوں کے ذریعے مسلسل رابطے میں رہنے، ہدایات پر عمل کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی تاکید کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائنز بھی فعال کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی مزید شہریوں کی منتقلی کی ضرورت پیش آئی، اضافی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام پاکستانیوں کی محفوظ واپسی تک کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *