مشہور ٹک ٹاک انفلوئنسر خابی لیم کا اصولی مؤقف، غیر اخلاقی اشتہارات سے انکار
(بولونیوز)دنیا بھر میں ٹک ٹاک کے سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے مشہور انفلوئنسر خابی لیم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کسی بھی اشتہاری مہم کا حصہ بننے سے قبل سب سے پہلے یہ دیکھتے ہیں کہ آیا وہ چیز ان کے مذہبی اصولوں کے مطابق ہے یا نہیں۔
ایک حالیہ گفتگو میں خابی لیم نے بتایا کہ جب کوئی کمپنی ان سے اشتہار کے لیے رابطہ کرتی ہے تو وہ سب سے پہلے اس پروڈکٹ کا جائزہ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی چیز میں ایسی کوئی بات ہو جو ان کے مذہب، جیسے الکحل یا دیگر ممنوع اشیاء، کے خلاف ہو تو وہ بغیر کسی تردد کے اس پیشکش کو مسترد کر دیتے ہیں۔
خابی لیم کے مطابق انہیں بڑی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھاری معاوضوں کے ساتھ متعدد آفرز موصول ہوتی ہیں، تاہم وہ اکثر انہیں ٹھکرا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “سب سے پہلے میں مسلمان ہوں، اور اس کے بعد یہ بات بھی میرے لیے اہم ہے کہ میرے فالوورز میں لاکھوں بچے شامل ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے مواد سے بچوں یا نوجوانوں پر کوئی منفی اثر پڑے یا وہ نقصان دہ چیزوں کو آزمانے کی طرف مائل ہوں۔ اسی وجہ سے وہ صرف انہی مصنوعات یا خدمات کی تشہیر کرتے ہیں جو معاشرے کے لیے نقصان دہ نہ ہوں۔
سوشل میڈیا صارفین نے خابی لیم کے اس مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہرت اور دولت کے باوجود اپنے اصولوں پر قائم رہنا ایک قابلِ تقلید مثال ہے، جو نوجوان نسل کے لیے مثبت پیغام رکھتی ہے۔


