نیو کراچی ٹاؤن میں ترقی کا سفر جاری، مزید 10 گلیاں پیور بلاک سے پختہ
کراچی(بولونیوز)نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ’’1000 گلیوں کی تعمیر‘‘ منصوبے کے تحت یونین کونسل نمبر 02، سیکٹر 5A/2 میں مزید 10 گلیوں کو جدید پیور بلاک سے پختہ کر دیا گیا۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے پیور بلاک سے تعمیر شدہ گلیوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل احمر خان، مختلف یونین کمیٹیوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 5A/2 کے مختلف وارڈز میں مرحلہ وار پیور بلاک کی گلیوں کی تعمیر جاری ہے اور اب تک اس سیکٹر کی تقریباً 100 گلیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیوں کی تعمیر سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوئی ہے بلکہ علاقے کی خوبصورتی اور ماحول میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹاؤن کے محدود وسائل کو دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ عوامی فلاح پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی سیاسی وابستگی یا تعصب کو آڑے نہیں آنے دیا جا رہا۔ ان کے مطابق عوامی خدمت عبادت ہے اور یہی سوچ ٹاؤن انتظامیہ کو دن رات محنت پر آمادہ رکھتی ہے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور ٹاؤن کی سطح پر مکمل اختیارات منتقل کیے جائیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل مقامی سطح پر فوری طور پر حل ہو سکیں۔ انہوں نے واٹر بورڈ اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اداروں کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کو فنڈز ملنے کے باوجود عملی کام نظر نہیں آتا، جس کے باعث ٹاؤن انتظامیہ کو اضافی ذمہ داریاں نبھانا پڑتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دیگر علاقوں میں بھی اسی طرح بنیادی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


