پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 10 مارچ کو فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان کر دیا
لاہور(بولونیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 10 مارچ 2026 کو فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی ہوگی، اور فائیو جی سروس کی کمرشل لانچنگ رواں سال کے وسط میں متوقع ہے۔
چیئرمین میجر جنرل ر حفیظ الرحمان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیلامی میں تین ٹیلی کام آپریٹرز حصہ لیں گے، اور اگر پچاس فیصد سے زائد اسپیکٹرم فروخت ہو جائے تو اسے کامیاب نیلامی تصور کیا جائے گا۔ ہر آپریٹر کو کم از کم ایک سو میگاہرٹس اسپیکٹرم دیا جائے گا، جس سے ملک میں موبائل سروس کے معیار میں بہتری اور انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
چیئرمین نے یہ بھی اعلان کیا کہ فائیو جی سروس کے اجرا کے فوراً بعد سکس جی پر کام شروع کر دیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ سکس جی کی نیلامی میں تاخیر نہ ہو۔
نیلامی سے متعلق اہم نکات:
صنعت کے مطالبے پر نیلامی ڈالر میں نہیں ہوگی، نیلامی کے دن ڈالر کی قیمت منجمد کر دی جائے گی اور اسی شرح پر ادائیگیاں ہوں گی۔
حکومت نے نیلامی کے لیے 597 میگاہرٹس اسپیکٹرم فراہم کیا ہے۔
شرکت کرنے والی کمپنیوں کو 27 فروری تک درخواست کے ساتھ 15 ملین ڈالر جمع کروانے ہوں گے۔
نیلامی میں کلاک ایکشن کئی راؤنڈز پر مشتمل ہوگی، اور کمپنیاں آن لائن بھی حصہ لے سکیں گی۔
ماہرین کے مطابق فائیو جی سروس کے اجرا سے ملک میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ سکس جی کے لیے پیشگی تیاری مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔


