محسن نقوی نے ہاکی کھلاڑیوں کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائر میں ٹکٹس،ودیگرانتظامات کا حکم دے دیا
اسلام آباد(بولونیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں رہائش کے انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی سے کھلاڑیوں کی ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ ہاکی فیڈریشن کے صدر نہیں بنیں گے، تاہم ہاکی کے تنازعات حل کرنے اور کھلاڑیوں کی ہر طرح سے معاونت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
کھلاڑیوں نے پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہاکی پلیئرز کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ زخمی کھلاڑیوں کے علاج معالجے کے انتظامات بھی پی سی بی کے زیرِ نگرانی فوری کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ کل سے شروع ہو جائے اور آج رات تک کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔


