ولیکا چورنگی کے قریب کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی کارروائیاں جاری

کراچی(بولونیوز) شہر کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں ولیکا چورنگی کے قریب واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں اچانک شدید آتشزدگی بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر 6 فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے جبکہ آگ کی شدت کے پیش نظر 8 سے زائد فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ڈٹرجنٹ بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکل میں لگی، جہاں بڑی مقدار میں آتش گیر مواد موجود تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق فیکٹری کو چاروں اطراف سے آگ نے گھیر لیا تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی کسی شخص کے اندر پھنسے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد سائٹ پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر موجود ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں اور فیکٹری میں موجود تمام افراد کی فوری ریسکیو کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میئر اور کمشنر کراچی کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی اور آتشزدگی کی وجوہات پر فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔

حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ مکمل تحقیقات کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *