حاصل پور/بہاولپور: “منشیات سے انکار، صحت مند مستقبل کی ضمانت” کے موضوع پر آگاہی تقریب
بہاولپور(بولونیوز)گورنمنٹ بوائز گریجویٹ کالج حاصل پور میں “منشیات سے انکار – صحت مند مستقبل کی ضمانت” کے عنوان سے ایک پروقار آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پرنسپل پروفیسر طاہر محمود غوری نے کی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی، ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن، لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمر نثار ستی (تمغہ امتیاز ملٹری) تھے، جنہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات نہ صرف خاندانوں اور معاشرے کو تباہ کرتی ہیں بلکہ ملک کی حقیقی خوشحالی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ڈرگز انسانی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتی ہیں، اس لیے نوجوان نسل کو ہر قسم کے نشے سے دور رہ کر اعلیٰ تعلیم، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیابی کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔
لیفٹیننٹ کرنل احمر نثار ستی نے پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی مختلف اقسام، ان کی ہولناک ساخت اور انسانی جسم پر مرتب ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پورے صوبے بالخصوص بہاولپور ڈویژن میں منشیات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے سی این فورس پوری ایمانداری سے برسرِ پیکار ہے۔
تقریب کے دوران طلبہ نے منشیات کے تدارک سے متعلق اہم سوالات کیے، جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ ہال میں موجود اسٹیج سیکرٹری نے “منشیات کے خلاف جنگ – پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے سنگ” اور “ڈرگ فری بہاولپور” کے فلک شگاف نعرے لگوائے، جس سے شرکاء کا جوش اور حوصلہ بڑھ گیا۔
اختتام پر پرنسپل پروفیسر طاہر محمود غوری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی ادارے طلبہ کو اس لعنت سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب قومی ترانے پر اختتام پذیر ہوئی، جبکہ کالج کے سینئر اساتذہ اور انسپکٹر افتخار احمد کی زیر نگرانی ٹیم کے ہمراہ بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔
انسپکٹر افتخار احمد نے کہا کہ اس مہم کا مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کر کے ایک صحت مند اور روشن نسل کی پرورش کرنا ہے۔


