ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ نہ کرنے پر عدالت کا سخت نوٹس
کراچی(بولونیوز)عدالتی احکامات کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ نہ کرنے کے معاملے پر عدالت نے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ ضلعی عدالتوں کے ملازمین اور جوڈیشل افسران کو جوڈیشل الاؤنس جاری کیا جائے۔ عدالت نے ضلعی عدالتوں اور دیگر جوڈیشل ملازمین کو ہائی کورٹ ملازمین کے مساوی الاؤنس فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 24 فروری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سیکرٹری فنانس سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔ اس کے علاوہ عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری قانون اور اکاونٹنٹ جنرل سندھ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کو ہائی کورٹ ملازمین کے مساوی جوڈیشل اور یوٹیلیٹی الاؤنس فراہم نہیں کیے جا رہے، جبکہ ایک ہی صوبے میں ملازمین کے درمیان یہ تفریق غیر قانونی ہے۔


