کراچی میں آگ پر قابو نہ پانا افسوسناک سوالیہ نشان ہے، مفتی تقی عثمانی

کراچی(بولونیوز)ممتاز عالمِ دین اور شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں آگ پر بروقت قابو نہ پا سکنا ایک افسوسناک سوالیہ نشان ہے۔

اپنے بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر بروقت امداد کیوں نہ پہنچ سکی، اس حوالے سے بے لاگ اور شفاف تحقیقات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے واقعے کو پوری قوم کے لیے نہایت المناک اور شرمناک سانحہ قرار دیا۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ چند ہی گھنٹوں میں کئی قیمتی جانیں بے بسی کا شکار ہو کر رخصت ہو گئیں، جبکہ متعدد متوسط درجے کے تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا جس نے انہیں قلاش کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی انتظامات کو مؤثر، تیز اور مضبوط بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اُن افراد اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود انسانی جانیں بچانے کی خدمت انجام دی۔ آخر میں مفتی تقی عثمانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور متاثرین کو اس مصیبت کا بہتر نعم البدل عطا کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *