38 سال اقتدار میں رہنے والوں نے کراچی کے عوام کو اُلّو بنایا، مرتضیٰ وہاب
کراچی(بولونیوز)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 38 سال کچھ لوگ اقتدار میں رہے، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے کراچی بنایا، دراصل انہوں نے کراچی کے عوام کو اُلّو بنایا ہے۔
میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میئر کراچی نے کہا کہ رنچھوڑ لائن میں آ کر پمپنگ اسٹیشن کا جائزہ لیا جو 1991 میں بنایا گیا تھا، اُس وقت کے میئر کراچی نے وعدہ کیا، فوٹو کھینچوانے آئے اور سنگ بنیاد رکھ دیا، وہ میئر بعد میں صوبائی وزیر بنے اور اعلیٰ منصب پر بھی رہے، ایک اور صاحب 2001 میں ناظم اعلیٰ بنے اور کہتے ہیں کہ کراچی ہم نے بنایا، سابقہ میئر کراچی کہتے تھے کہ ان کے پاس اختیارات نہیں ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم جب وعدہ کرتے ہیں تو اس کو وفا کرتے ہیں، ہم عوام میں سے تھے، ہیں اور عوام میں رہیں گے، آپ سے 38 سال ووٹ لینے والوں نے آپ کو پانی نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین 24 پریس کانفرنسز کر لیں لیکن کام کر کے دکھائیں، ہم کام کیلیے پریس کانفرنس کرنے آتے ہیں اور مخالفین صرف باتیں کرتے ہیں، اُن کی سیاست میں سے شروع ہوتی ہے اور میں پر ختم ہو جاتی ہے، فاروق بھائی ہمارا ساتھ دیں، ان کو عمر کے اس حصے میں دعائیں بٹورنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ان کا یہ حال ہے کہ چھوٹی گلی یا محلوں میں جلسے کرتے ہیں، جو لوگ خود متحد نہیں ہیں وہ کیسے شہر کو متحد کریں گے؟ جو خود انتشار کا شکار ہیں وہ کیسے شہر میں استحکام لائیں گے؟ آنے والے وقتوں میں کراچی شہر کو مزید بہتر کر کے دیں گے۔


