لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش
لاہور(بولونیوز)لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
کمشنر نعمان یوسف نے واسا، ایم سی ایل، ایل ڈی اے کی ٹیموں کو فیلڈ میں رہنے کا حکم جاری کیا ہے، اور کہا ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کی خود نگرانی کریں، مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز کو کلیئر رکھا جائے، سی بی ڈی، روڈا ٹیمیں الرٹ رہیں۔
کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ بجلی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو فوری جنریٹرز پر چلایا جائے، اور اسٹیشنز کے پمپس کو آپریشنل رکھا جائے، جب کہ واسا ٹاؤن ڈائریکٹرز مانیٹرنگ کریں۔
ادھر ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ موٹر وے ایم-2 پر کوٹ مومن سے ٹھوکر نیاز بیگ تک متعدد مقامات پر بارش ہوئی ہے، لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم-3 پر فیض پور سے ننکانہ تک موسم ابر آلود ہے، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں اس لیے ڈرائیور انتہائی احتیاط سے سفر کریں، رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، بارش کے دوران غیر ضروری اوور ٹیکنگ، تیز رفتاری اور اچانک بریک سے گریز کریں۔
ترجمان نے کہا ہیڈ لائٹس، وائپرز درست حالت میں رکھیں، لین ڈسپلن اور سیٹ بیلٹ استعمال کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کریں۔


