لاہور میں غیر ملکی خواتین کا معاملہ بلاوجہ اچھالا جا رہا ہے، رانا ثناءاللّٰہ

لاہور(بولونیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا معاملہ بلاوجہ اچھالا جا رہا ہے اور اسے غیر ضروری طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے۔

جیو نیوز** کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ایک نان ایشو کو ایشو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ گھٹیا ذہنیت کے حامل عناصر ایک خاص مقصد کے تحت اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا و زیادتی کے معاملے کو جان بوجھ کر اچھالا جا رہا ہے اور اسے زبردستی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہر انسان اپنے قول و فعل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے، جبکہ متاثرہ خواتین کا دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ ہو چکا ہے جو ملزمان کو سزا دلوانے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی اداروں کے پاس اس کیس سے متعلق مکمل شواہد موجود ہیں، ملزمان کا چالان تیار ہے اور مقدمہ چلانے کے لیے مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو غیر ملکی خواتین کو دوبارہ پاکستان بلا کر عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے اسحاق ڈار کے استعفے کے مطالبے کو بھی انتہائی بے بنیاد قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *