جنوبی سوڈان کے ویزوں میں مبینہ ردوبدل، دو مسافر آف لوڈ

اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جنوبی سوڈان جانے والے دو مسافروں کو ویزوں میں مبینہ ردوبدل کے باعث آف لوڈ کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس پر ورک ویزوں کے ذریعے جنوبی سوڈان جا رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت عبدالستار (سکنہ شیخوپورہ) اور محمد سہیل اصغر (سکنہ خانیوال) کے نام سے ہوئی۔ دورانِ امیگریشن کلیئرنس دونوں مسافروں کو سفری دستاویزات کی مزید جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں مسافروں نے M/s Ezra Construction & Development Group کے ذریعے بطور ٹیکنیشن ملازمت حاصل کی تھی، جبکہ ان کا پراسیس بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں مسافروں کو 22 جون 2026 کو بھی ویزا تصدیق کے لیے آف لوڈ کیا گیا تھا، کیونکہ ویزوں پر درج پوسٹل ایڈریس، نیکسٹ آف کن کا نام اور فون نمبر مشکوک پائے گئے تھے۔ اس موقع پر مسافروں کو متعلقہ سفارت خانے سے ویزوں کی تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق مسافروں نے تصدیق کرانے کے بجائے ویزوں میں درج پوسٹل ایڈریس، نیکسٹ آف کن کا نام اور فون نمبر تبدیل/ردوبدل کروا لیا۔ دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ ان کے روزگار، ویزا اور بعد ازاں ویزا میں ردوبدل کے تمام انتظامات صداقت علی نے کیے، جو اس وقت جنوبی سوڈان میں مقیم ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *