تھائی پاک بزنس فورم کے زیرِ اہتمام پاکستانی سفیررخسانہ افضال کےاعزاز میں الوداعی تقریب
بینکاک(بولونیوز)تھائی پاک بزنس فورم کے زیرِ اہتمام بینکاک کے ایک نجی ہوٹل میں رخسانہ افضال کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور تھائی لینڈ کے قومی ترانوں سے ہوا۔
تقریب میں تھائی پاک بزنس فورم کے چیئرمین افتخار علی، صدر شاہین یوسف اعوان، سینئر نائب صدر ملک ارشد حیات، جنرل سیکریٹری سہیل کوثر، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سمیت تجارتی و سفارتی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں میں کینیا کی سفیر لوسی نجیری کیروتھو، سی ای او مائی ٹرپ بینکاک ایکارات موکیم، سابق تھائی سینیٹر سریوات اور تھائی پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر سومکت لالا بھی شامل تھے۔
صدر شاہین یوسف اعوان نے رخسانہ افضال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستی، شراکت داری اور تعاون کو فروغ ملا، خصوصاً تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
اپنے خطاب میں رخسانہ افضال نے کہا کہ مختصر دورِ ماموریت کے دوران انہوں نے پاکستانی اور تھائی کاروباری برادریوں کو قریب لانے کی بھرپور کوشش کی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ سے وہ قیمتی تجربات اور یادیں سمیٹ کر جا رہی ہیں، اور پاکستان کے لیے تین شعبے قابلِ تقلید ہیں: سیاحت کی ترقی، حلال سینٹر کی کامیابی اور “ورلڈز کچن” کے طور پر عالمی معیار کے کھانے۔
رخسانہ افضال نے تھائی سیاحوں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ ایڈونچر ٹورازم اور ثقافتی سیاحت کے لیے بھی بہترین منزل ہے، جہاں پہاڑ، دریا، جھیلیں، باغات، جنگلات، برفباری والے علاقے، لذیذ کھانے اور وسیع صحرا سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر صدر شاہین یوسف اعوان اور جنرل سیکریٹری سہیل کوثر کی جانب سے رخسانہ افضال کو گلدستہ پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے ان کی سفارتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


