ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل 2026 کی متنازع شقوں پر وزیراعظم کا ایکشن، 10 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم نے ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل 2026 کی متنازع شقوں کے جائزے کے لیے 10 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کریں گے، جو تین روز میں اپنی سفارشات اور رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی بل کی متنازع شقوں کے قانونی، آئینی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی، خاص طور پر نجی املاک تک رسائی اور حقوقِ ملکیت سے متعلق دفعات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی ضرورت اور شہریوں کے حقوقِ ملکیت کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کمیٹی میں مزید ارکان بھی شامل کیے جا سکیں گے۔ تاہم اس کمیٹی میں اپوزیشن کو نمائندگی نہیں دی گئی۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں شزا فاطمہ، شیری رحمان، جاوید حنیف اور بیرسٹر ظفر اللہ شامل ہیں۔

حکومتی حلقوں کے مطابق یہ اقدام بل پر پائے جانے والے تحفظات دور کرنے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابلِ قبول حل کی جانب پیش رفت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *