لیاری میں بدانتظامی پر سیاسی الزامات، عوامی مشکلات بڑھنے لگیں
کراچی(بولونیوز)لیاری میں مبینہ بلڈر مافیا، گٹکا مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت الزامات سامنے آ گئے ہیں۔ سجاد علی سومرو، رکن سندھ اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف لیاری، نے دعویٰ کیا ہے کہ لیاری میں سرگرم مختلف مافیا کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ افراد ملوث ہیں، جنہوں نے پورے علاقے کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کو مسائل کے سوا کچھ نہیں ملا اور نام نہاد نمائندے صرف دعوؤں تک محدود ہیں۔
دوسری جانب مرتضیٰ وہاب پر بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ میئر کراچی عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر تفریحی ویڈیوز بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق تین ماہ قبل میرزا آدم خان روڈ لیاری کا افتتاح کیا گیا تھا، تاہم آج وہی سڑک دوبارہ کھدائی، ٹوٹ پھوٹ اور شدید اذیت کی تصویر بنی ہوئی ہے۔
شاہد لطیف بھٹائی روڈ، نیازی چوک، بہار کالونی، میمن سوسائٹی، بغدادی اور موسیٰ لین سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں بدانتظامی اور تباہی کا راج ہے۔
لیاری کے عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا یہی ترقی ہے؟ کیا یہی خدمت ہے؟ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب صرف دعوے نہیں بلکہ حساب اور احتساب دونوں ہونا چاہیے۔


