پانچ ہزار روپے کے نوٹ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا مطالبہ
لاہور(بولونیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ارشد ملک نے پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر چھاپنے کا مطالبہ کر دیا۔
قیامِ پاکستان کے بعد سے اب تک پاکستانی کرنسی کے پانچ روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک کے تمام نوٹس پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر شائع ہوتی رہی ہے۔ تاہم پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری کیے گئے خصوصی نوٹس پر قائداعظم کے ساتھ تحریکِ پاکستان کے چند سرکردہ رہنماؤں کی تصاویر بھی شامل کی گئی تھیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارشد ملک اپنی نشست سے کھڑے ہوئے، پانچ ہزار روپے کا نوٹ نکالا اور مطالبہ کیا کہ قائداعظم کے ساتھ اس نوٹ پر نواز شریف کی تصویر بھی شامل ہونی چاہیے۔
ن لیگی رکن اسمبلی نے اپنے مطالبے کے حق میں مؤقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اس لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں کرنسی نوٹ پر جگہ دی جانی چاہیے۔
اس غیر معمولی مطالبے پر ایوان اور سیاسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم اس حوالے سے حکومتی یا اسٹیٹ بینک کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔


