سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ، فتنہ الہند کا کمانڈر ہلاک، ایک گرفتار
جنوبی وزیرستان(بولونیوز)جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خولہ کی حدود میں واقع کوچمینہ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے دوران فتنہ الہند کا کمانڈر عیدری کوچی ہلاک ہو گیا، جبکہ ایک ساتھی زخمی اور ایک کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی بلوچستان سائیڈ پر واقع علاقے میں کی گئی، جہاں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔ جھڑپ کے نتیجے میں کمانڈر موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ ایک شدت پسند زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زندہ گرفتار کیے گئے شخص کا تعلق شیرانی سے بتایا جا رہا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔


