حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ منظور — ایران، امریکا مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری
اسلام آباد/جنیوا(بولونیوز) سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے۔
پاکستان اور قطری وزارت خارجہ کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری طور پر شروع ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے رابطہ لائن قائم کر دی گئی ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ڈی کنفلیکشن سیل کے قیام پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ ایٹمی پروگرام اور پابندیوں سے متعلق معاملات کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ڈی کنفلیکشن سیل میں لبنان اور ثالث ممالک شامل ہوں گے، جبکہ ثالث ممالک مذاکرات کو تعمیری ماحول میں آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ تکنیکی مذاکرات آئندہ دنوں میں سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک ریزورٹ میں جاری رہیں گے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی میں کمی اور سیاسی حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


