پنجاب کی بیٹیوں کے لیےسحر پروگرام ہزاروں خواتین کو گھر بیٹھے ہنر مند بنانے کا منصوبہ

لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے کی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے “سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام (سحر)” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 5 ہزار 365 خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ پروگرام کا مقصد خواتین کی ہنرمند افرادی قوت میں شمولیت بڑھانا اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے۔

سحر پروگرام کے تحت دور دراز، نیم شہری اورشہری علاقوں کی خواتین کوہاسپیٹیلٹی،بیوٹیفکیشن اورڈیجیٹل مہارتوں کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ پی ڈی سی پی کےذیلی ادارے آئی تھم کے اشتراک سے 1 ہزار 260 خواتین کو ہاسپیٹیلٹی کورسز کرائے جا رہے ہیں، جن میں کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشن، فرنٹ ڈیسک اور ایئر لائن مینجمنٹ شامل ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں اس پروگرام کا پہلا بیج مکمل ہو چکا ہے۔

اسی طرح چار اضلاع میں 2 ہزار 65 خواتین کے لیے بیوٹیفکیشن کورسز منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں ہیر اسٹائلنگ، اسکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ کی تربیت دی جا رہی ہے۔

مزید برآں، پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے 2 ہزار 40 خواتین کے لیے چھ ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل اسکلز پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے، جس میں ای کامرس، دراز اور شوپی فائی پلیٹ فارمز کا استعمال، انگلش لینگویج، پروڈکٹ ریسرچ اور مالیاتی آگاہی شامل ہے۔

سحر پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکج اور ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی خواتین کی معاشی مضبوطی ہی صوبے اور ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سحر پروگرام کا مقصد خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں ایک قابل قدر معاشی اثاثہ بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیوہ، خصوصی حالات سے دوچار اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین کو پروگرام میں ترجیح دی جائے گی، جبکہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین کے لیے ملازمت کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *